کو ہاٹ پولیس کی عوامی رابطہ مہم کے تحت پبلک لائژن کمیٹیوں کی تشکیل

بدھ 9 اپریل 2025 11:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) کو ہاٹ پولیس کی عوامی رابطہ مہم کے تحت پبلک لائژن کمیٹیوں ( پی ایل سیز ) کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا۔ اس سلسلے میں پہلا افتتاحی اجلاس کوہاٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوہاٹ ریجن عباس مجید خان مروت نے کی۔ اجلاس میں ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہداللہ، ایس پی کوہاٹ فاروق زمان اور اے ایس پی ہیڈ کوارٹرز بیدار بخت بھی شریک ہوئے۔

افتتاحی اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کو پولیس ایکٹ 2017 اور OGـ30/2015 کے تحت ان کے فرائض، ذمہ داریوں اور اختیارات سے آگاہ کیا گیا۔ پی ایل سیز کو معاشرے میں پولیس کی ’’آنکھیں اور کان ‘‘قرار دیا گیا ہےجو جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کمیٹیوں کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان باہمی اعتماد، شراکت اور معلومات کے بروقت تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

کمیٹیاں معاشرے کے بااعتماد، باکردار اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار افراد پر مشتمل ہوں گی، جو پولیس کے ساتھ مل کر جرائم کے خاتمے، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب رہنمائی اور امن و امان کے قیام میں فعال کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی کوہاٹ نے اس اقدام کو کمیونٹی پولیسنگ کی جانب عملی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی شمولیت کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے تمام شرکا پر زور دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر ایک پرامن، محفوظ اور ہم آہنگ معاشرے کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :