تاجر برادری اور سی ڈی اے لیبر یونین اسلام آباد کی ترقی میں اہم سٹیک ہولڈرز ہیں، ناصر منصور قریشی

بدھ 9 اپریل 2025 17:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) سی ڈی اے لیبر یونین کے ایک وفد نے کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یاسین کی قیادت میں بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے متعلق کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ تاجر برادری اور سی ڈی اے دونوں اسلام آباد کی ترقی میں اہم سٹیک ہولڈرز ہیں۔

انہوں نے کاروباری سرگرمیوں اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لئے قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لئے صدر ناصر منصور قریشی نے ایک مشترکہ کمیٹی کے قیام کی تجویز پیش کی جس میں تجارت اور صنعت کے شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ سی ڈی اے لیبر یونین کے مختلف محکموں کے عہدیداران شامل ہوں گے جو کاروبار سے متعلقہ مسائل کو بروقت حل کرنے میں مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر نے سی ڈی اے ملازمین کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے چوہدری محمد یاسین کی بے لوث کاوشوں کا اعتراف کیا اور تاجر برادری کی سہولت کے لئے ان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے لیبر یونین کے درمیان مضبوط تعاون اسلام آباد کی ترقی کو تیز کرے گا اور مزید کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کا باعث بنے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے لیبر یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یاسین نے شہر کی ترقی میں تاجر برادری کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور آئی سی سی آئی کے درمیان موثر رابطہ مشترکہ وژن کے حصول کے لئے بہت ضروری ہے۔ مشترکہ کمیٹی کی تجویز کی توثیق کرتے ہوئے انہوں نے آئی سی سی آئی کو شہری اور تجارتی مسائل کے حل میں لیبر یونین کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اسلام آباد کو پاکستان کا ماڈل سٹی بنانے کے لئے کوششوں کا عہد کیا۔

آئی سی سی آئی کے سابق صدور بشمول عبدالرؤف عالم، ظفر بختاوری، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، کونسل ممبر چوہدری مسعود، سابق ایس وی پی ملک نوید نے بھی چوہدری محمد یاسین کی خدمات کو سراہا۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی نے چیمبر کے اسلام آباد کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ چوہدری محمد یاسین کی شہر کے لئے خدمات کو سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔سیشن کی موثر نظامت سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے کی اور اس میں بڑی تعداد میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران، ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور سی ڈی اے ایمپلائز یونین کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر روحیل انور بٹ، اسحاق سیال، ملک محسن خالد، عرفان چوہدری، ملک عبدالعزیز، آفتاب گجر، ذوالقرنین عباسی، محمد رضوان، اورنگزیب خان، حاجی صابر، راجہ شاکر، اظہار عباسی، احمد خان، راجہ زاہد دھنیال، چوہدری وحید چیمہ اور دیگر شامل تھے۔