راولپنڈی بورڈ کے تمام اسٹیبلش مارکنگ سینٹرز پر بائیومیٹرک حاضری سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب

بدھ 9 اپریل 2025 19:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے چیئرمین محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور معیاری بنانے کیلئے متعدد اہم اقدامات کئے گئے ہیں اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی بورڈ کے تمام اسٹیبلش مارکنگ سینٹرز پر بائیومیٹرک حاضری سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں ان اقدامات کا مقصد مارکنگ سٹاف اور دیگر متعلقہ عملے کی حاضری، نظم و ضبط اور کارکردگی کو مؤثر انداز میں مانیٹر کرنا ہے انہوں نے بتایا کہ بورڈ نے مارکنگ کے عمل کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ایک جدید مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم بھی متعارف کرایا ہے جسے گزشتہ برس انٹر سیکنڈ اینول 2024 کے امتحانات میں کامیابی سے لاگو کیا گیا تھا اب اس سسٹم کو مزید بہتر بنا کر میٹرک اینول 2025 میں بھی نافذ کر دیا گیا ہے یہ سسٹم نہ صرف ہیڈ ایگزامنرز، سب ایگزامنرز، سپر چیکرز، اسسٹنٹ ٹو ہیڈ ایگزامنرز بلکہ دیگر متعلقہ افسران کی بھی نگرانی کرے گا تاکہ ہر سطح پر احتساب اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ مارکنگ کے عمل میں غیر جانبداری، شفافیت اور میرٹ کا تحفظ اولین ترجیح ہے تاکہ طلباء کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی کا خدشہ نہ رہے اس نظام سے نہ صرف عملے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہو گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے حال ہی میں گورنمنٹ بوائز قادریہ سیکنڈری سکول گجرخان اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلر سیداں میں قائم مارکنگ سینٹرز کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے مارکنگ سٹاف کو ہدایت دی کہ مارکنگ کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھا جائے اور بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے بھی ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی بورڈ تعلیمی معیار اور امتحانات کے نظام کو بین الاقوامی سطح کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے پُرعزم ہے۔