وزیراعظم کا بجلی بلوں سے 35 روپے ماہانہ پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان

ملک میں چارکروڑ سے زائد بجلی صارفین سے پی ٹی وی فیس کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے وصول کیے جاتے ہیں

اتوار 29 جون 2025 12:25

وزیراعظم کا بجلی بلوں سے 35 روپے ماہانہ پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون 2025ء ) وفاقی حکومت نے بجلی بلوں سے 35 روپے ماہانہ پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا جس کا وزیراعظم نے باضابطہ اعلان بھی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں چارکروڑ سے زائد بجلی صارفین سے پی ٹی وی فیس کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے وصول کیے جاتے ہیں، اب وفاقی حکومت نے بجلی بلوں سے 35 روپے ماہانہ پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملک بھر میں بجلی کے صارفین کی تعداد اس وقت 4 کروڑ ہے جن سے پی ٹی وی فیس کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے اور سالانہ تقریباً 16 ارب روپے وصول کیے جاتے ہیں، یہ ریلیف گھریلو، کمرشل اور تمام کیٹگریز کے صارفین کے لیے ہوگا، اس فیصلے کا حتمی اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے کردیا ہے۔

اس حوالے سے ایک تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے وہ طریقے ڈھونڈے ہیں کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ کریں، اس کے لیے پاکستانی آئی پی پیز کے ساتھ بیٹھ کر مثبت گفتگو کی جو بہت دشوار مرحلہ تھا، بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات اہم ترجیح تھی، انتھک محنت سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کوششیں کامیاب ہوئیں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی کے شعبے میں منتقل کیا گیا، توانائی کے شعبے میں بجلی چوری اہم مسئلہ ہے، سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، ہمیں تیزی سے بجلی کی چوری کو روکنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی بجلی حاصل کرنے کا سستا ذریعہ ہے، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں برق رفتاری سے تیزی سے سولرائزیشن ہو رہی ہے، جس کی حوصلہ شکنی نہیں کروں گا، حکومتی اداروں میں جو بجلی پیدا ہوتی ہے اس کی کھپت کم ہے، ہمیں اس کا حل ڈھونڈنا ہے تاکہ پاکستان میں خوشحالی کا سفر تیزی سے طے ہو، محکمہ بجلی میں بے پناہ اصلاحات کی گئیں، پورے پاکستان میں ڈسکوز بورڈز میں انقلابی تبدیلیاں کیں، ڈسکوز بورڈز میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں کیں، اصلاحات کا عمل آگے بڑھانے کیلئے وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں  لیکن ابھی اس سے بھی زیادہ سفر طے کرنا ہے۔