پاکستانی لڑکے کی محبت میں تیونس سے آئی نوجوان خاتون کی وطن واپسی کیلئے سفارتخانہ متحرک ہوگیا

اتوار 29 جون 2025 14:25

پاکستانی لڑکے کی محبت میں تیونس سے آئی نوجوان خاتون کی وطن واپسی کیلئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)کراچی میں تیونس کی 19 سالہ شہری سندا کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق تیونس قونصلیٹ نے نوجوان خاتون کے معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کی واپسی کی مکمل ذمے داری قبول کر لی ہے۔پولیس حکام کے مطابق سندا کو اس کے پاکستانی شوہر عامر نے شادی کے چند ماہ بعد طلاق دے دی تھی، جس کے بعد وہ شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاتون نے گزشتہ روز لیاقت آباد وومن تھانے پہنچ کر مدد طلب کی، جہاں پولیس نے فوری طور پر تیونس قونصلیٹ سے رابطہ کیا۔ایس ایچ او وومن تھانہ لیاقت آباد عظمی خان کے مطابق تیونس قونصلیٹ کی ٹیم تھانے پہنچی اور سندا سے ملاقات کے بعد اس کی سفری دستاویزات، ایگزٹ پرمٹ اور واپسی کے ٹکٹ کا بندوبست کرنے کا فیصلہ کیا۔پولیس حکام کے مطابق قونصلیٹ کی ٹیم سندا کو ساتھ لے کر اسلام آباد روانہ ہو گئی ہے، جہاں سے وہ جلد اپنے وطن تیونس واپس روانہ ہو جائے گی۔