انصاف کے شعبہ میں اصلاحات کے فروغ کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، چیئرپرسن این سی ایچ آر

بدھ 9 اپریل 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر ) کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا نے کہا ہے کہ حکومتیں تنہا انصاف قائم نہیں کرسکتیں ،انصاف کے شعبے میں اصلاحات کے فروغ کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں انصاف تک رسائی کے راستے میں حائل مشکلات اور ان کے حل بارے ضروری اقدامات پر مشاورت کے لئے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ( این سی ایچ آر )، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام ( یو این ڈی پی ) کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ اجلاس کے پہلے دن خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کا موضوع ”وعدے سے عمل تک: انصاف اور اصلاحات کے لئے ایس ڈی جی 16 کو فروغ دینا“ ہے جس میں سینئر سرکاری حکام، انسانی حقوق کے ماہرین، عدلیہ کے ارکان اور سول سوسائٹی کے نمائندے حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

این سی ایچ آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دو روزہ اجلاس کا مقصد پاکستان کے انصاف کے نظام کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کرنا اور اس نظام میں حقوق پر مبنی اصلاحات کی تجاویز دینا ہے۔

اجلاس میں نظام انصاف سے جڑے تین پہلوؤں پر خاص توجہ دی جائے گی جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، عدلیہ، اور تعزیری نظام شامل ہے ۔ اس تمام کوشش کا اہم مقصد خصوصاً کمزور طبقات جیسے خواتین، نوعمر افراد اور اقلیتی برادریاں، کیلئے نظام ِ انصاف کو زیادہ مؤثر، جوابدہ اور منصفانہ بنانا ہے۔ چیئرپرسن رابعہ جویری آغا نے کہا کہ حکومتیں تنہا انصاف نہیں قائم کر سکتیں، سول سوسائٹی تنہا احتساب کو یقینی نہیں بنا سکتی اور ڈونرز تنہا اداروں میں اصلاحات نہیں لا سکتے لیکن مل کر ایک حکمتِ عملی کے تحت اشتراک سے ہم انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کر سکتے ہیں۔

یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے اس اہم مکالمے کے انعقاد پر این سی ایچ آر کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے کہ قومی انسانی حقوق کے ادارے اپنے کردار کو مکمل طور پر نبھائیں اور انسانی حقوق کے محافظ بن کر سامنے آئیں، انسانی حقوق سے ہماری وابستگی کا اصل پیمانہ ہمارے الفاظ نہیں بلکہ ہمارے اقدامات کا اثر ہوتا ہے، یورپی یونین انصاف، قانون کی حکمرانی اور تمام پاکستانی شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی کوششوں میں آپ کا پختہ حامی رہے گا،یہ اجلاس اسی تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے ان خلا کو پُر کرنے کی کوشش ہے جو SDG 16 کے مکمل حصول میں باقی ہیں۔

یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ ری پرینٹیٹیو ڈاکٹر سیموئیل رزک نے انصاف کی فراہمی کے لئے نئے اور تخلیقی طریقوں کو اپنانے اور ان کے دائرہ کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔یورپی یونین اور یو این ڈی پی  پاکستان کی حمایت سے "حقوق پاکستان " II منصوبے کے تحت دو روزہ اجلاس چھ تھیمز ذیلی ورکنگ گروپس کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ ان گروپس  کا مقصد پولیس کے جوابی میکانزم کو بہتر بنانا، کیسز کے انبار کو کم کرنا، قانونی امداد کا دائرہ بڑھانا، قیدیوں کے حقوق کا تحفظ کرنا اور عدالتوں کو زیادہ رسائی پذیربنانا ہے۔