یوکرین جنگ: مارچ لوگوں کے لیے سال کی پہلی سہ ماہی کا مہلک ترین مہینہ

یو این جمعرات 10 اپریل 2025 02:15

یوکرین جنگ: مارچ لوگوں کے لیے سال کی پہلی سہ ماہی کا مہلک ترین مہینہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 10 اپریل 2025ء) روس کے حملے کو تین سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد یوکرین کے شہری بدستور جنگ کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ رواں سال مارچ ان کے لیے ایک اور مہلک ترین مہینہ ثابت ہوا۔

یوکرین میں انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے مشن (ایچ آر ایم ایم یو) کی سربراہ ڈینیل بیل نے بتایا ہے کہ ملک پر تقریباً روزانہ ہونے والے میزائل حملوں میں شہریوں کی بڑی تعداد ہلاک و زخمی ہو رہی ہے جبکہ لاکھوں لوگوں کے لیے زندگی تنگ ہو گئی ہے۔

Tweet URL

گزشتہ مہینے شہریوں کے نقصان میں 50 فیصد اضافہ ہوا جب ملک بھر میں 164 افراد ہلاک اور 910 زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

یہ گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 71 فیصد بڑا نقصان ہے۔ نیپرو، خارکیئو، سومے اور دوبروپیلیا پر حملوں میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ عالمی قانون کے تحت شہری آبادیوں پر اندھا دھند حملے ممنوع ہیں۔ متحارب فریقین کو چاہیے کہ وہ عسکری و شہری اہداف میں امتیاز کریں۔

ہسپتالوں کی تباہی

محاذ جنگ سے تقریباً 65 کلومیٹر فاصلے پر واقع شہر کریوی ری مارچ میں پانچ مرتبہ حملوں کا نشانہ بنا جن میں کم از کم چھ شہری ہلاک اور 66 زخمی ہوئے۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کا تعلق اسی شہر سے جہاں تازہ ترین میزائل حملے میں دو ہوٹل اور ایک ریستوران بھی تباہ ہوئے۔

گزشتہ مہینے روس کے حملوں میں 29 طبی اور 50 تعلیمی مراکز کو نقصان ہوا جبکہ دو ہسپتال اور چھ سکول مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

ڈینیل بیل کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ہسپتالوں کو جنگ سے خصوصی تحفظ ملنا چاہیے اور ان پر حملے نہیں ہونے چاہئیں۔

حملوں کی نئی لہر

یوکرین پر روس کے حملے رواں مہینے بھی جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے کھیل کے میدان پر میزائل گرنے سے نو بچوں سمیت 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مشرقی یوکرین میں حملوں کی نئی لہر کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔ اس وقت امدادی کارکن علاقے میں ہونے والے نقصان اور متاثرین کی ضروریات کا اندازہ لگا رہے ہیں۔

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے کہا ہے کہ یوکرین کے لوگ تشدد سے پاک معمول کی زندگی گزارنے کے حق دار ہیں جس کے لیے جنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔