مقبوضہ کشمیر،بھارتی فورسز نے تحریک حریت سے وابستہ رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے

جمعرات 10 اپریل 2025 16:59

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز نے تحریک حریت کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے تہاڑ جیل نئی دلی میں بند تحریک حریت کے رہنما بشیر احمد بٹ المروف پیر سیف اللہ کے گھر پر پلوامہ کے علاقے زاڈورہ میں چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔

چھاپے کے دوران پیر سیف اللہ کے اہلخانہ کو سخت ہراساں کیا گیا اور مکان ، بنک کے کاغذات اور دیگراشیاء ضبط کی گئیں۔پولیس نے تحریک حریت رہنما محمد اشرف لایا کے گھر وں پر سرینگر اور بارہمولہ میں چھاپے مارے اور تلاشی لی۔چھاپوں کے دوران اہلخانہ کو تنبیہ کی گئی کہ وہ آزادی پسندسرگرمیوں سے مکمل لاتعلقی اختیار کریں ورنہ سنگین نتائج کیلئے تیار رہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے آزادی پسند رہنمائوں ، کارکنوں کے خلاف جبر وستم کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں گھروں پر چھاپوں اور مکینوں کو ہراساں کرنے کی شدیدمذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت خوف و دہشت کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتی۔