اسسٹنٹ کمشنر پسرور کا سٹی پسرور کے مرکزی سڑکوں کا دورہ، ناجائز تجاوزات اور ٹریفک مسائل کا جائزہ لیا

جمعرات 10 اپریل 2025 18:17

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے سٹی پسرور کے مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور اہم چوراہوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شہریوں کو درپیش ٹریفک کے مسائل، سڑکوں پر ناجائز تجاوزات، اور عوامی آمد و رفت میں رکاوٹ بننے والے عوامل کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر سدرہ ستار نے ناجائز تجاوزات کی نشاندہی کی اور موقع پر موجود میونسپل عملے اور متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو بھی خبردار کیا کہ سرکاری سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ٹریفک وارڈنز اور متعلقہ حکام سے ملاقات کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے، پارکنگ کے مناسب انتظامات، اور عوامی سہولت کے لیے فوری اقدامات کی بھی ہدایت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ناجائز تجاوزات نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بھی ہیں۔ سدرہ ستار نے واضح کیا کہ عوامی سہولیات کی بہتری، ٹریفک کی روانی اور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے اس عملی اور بروقت اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کے ایسے اقدامات سے پسرور شہر کو ایک بہتر اور منظم ماحول فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :