مجھے ایف آئی اے کی جانب سے حراست میں لینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، وکیل کامران قریشی

جمعرات 10 اپریل 2025 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)سینٹرل جیل کراچی کے جوڈیشل کمپلیکس میں مصطفی قتل کیس کے ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، اس دوران عدالت نے تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر نہ تو عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی چالان پیش کیا گیا۔

ملزم کے وکیل خرم عباس اعوان نے عدالت کو بتایا کہ کامران قریشی کو 16 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اس کی گرفتاری 20 مارچ کو ظاہر کی گئی۔ وکیل صفائی نے مزید کہا کہ انہیں ایف آئی اے کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔اس پر عدالت نے وکیل صفائی کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایف آئی اے کے حکام کو ملزم کے بارے میں معلومات دینے کی اجازت نہیں دی۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نے کہا کہ مجھے حراست میں لینے کی دھمکیاں دی گئیں، میں اپنے موکل کے بار ے میں معلومات کیسے دے سکتا ہوں۔ایف آئی اے نے ملزم کامران قریشی کے فیزیکل ریمانڈ کی درخواست بھی دائر کی، جس میں کہا گیا کہ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انٹروگیٹ کرنا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو این او سی حاصل کرنے کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔