کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے وکلا کے لئے این آئی آر سی عدالت میں آن لائن ہیئرنگ کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 10 اپریل 2025 23:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء) کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے وکلا کے لئے این آئی آر سی عدالت میں آن لائن ہیئرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین نیشنل انڈسٹریل کمیشن، جسٹس ریٹائر شوکت عزیز صدیقی اور ممبر این آئی آر سی عبدالغنی مینگل نے کیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے افتتاحی تقریب کے موقع پر وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم کوئٹہ کے وکلا، مزدوروں اور عام لوگوں کے مفاد میں اٹھایا گیا ہے تاکہ انہیں سفری اخراجات اور وقت کی بچت ہو سکے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ "اس نئے اقدام سے نہ صرف وکلا کو آسانی ہوگی بلکہ کوئٹہ کے وکلا کے لئے یہ ایک سہولت بھی ہے کیونکہ وہ اب اپنے کیسز کو اپنے ہی شہر میں بیٹھ کر آن لائن طریقے سے پروسیس کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے نتیجے میں دور دراز علاقوں میں مقیم افراد کو عدالتوں تک پہنچنے کے لیے مہنگی اور تکلیف دہ سفری مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

"انہوں نے کہا کہ "یہ قدم قانونی خدمات کو عوام تک پہنچانے میں مزید آسانی پیدا کرے گا، خاص طور پر ان لوگوں کے لئے جو جغرافیائی طور پر دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں۔ یہ اقدام عدالتوں کی کارکردگی میں بہتری اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر بنائے گا۔"جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اس بات کو یقینی بنانے کا عہد کیا کہ یہ عمل پورے ملک میں پھیل سکے تاکہ ہر شہری کو بہتر انصاف کی سہولت مل سکے۔

اس موقع پر انہوں نے IT ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ محمد عثمان علم کو ہدایت دی کہ وہ کوئٹہ میں جا کر آن لائن ویڈیو لنک کا سیٹ اپ لگائیں اور اسے فورا شروع کریں تاکہ اس سہولت کا فائدہ جلد از جلد وکلا اور عوام تک پہنچ سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر این آئی آر سی عبدالغنی مینگل نے کہا کہ "یہ ایک بہت بڑا قدم ہے جو کوئٹہ کے وکلا اور عوام کے لئے انصاف کے دروازے کو مزید کھولے گا۔

ہم خوش ہیں کہ اس اقدام سے نہ صرف وکلا کی مشکلات کم ہوں گی بلکہ یہ قانونی خدمات کی فراہمی میں تیزی لائے گا۔ کوئٹہ جیسے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے یہ ایک بہت بڑی سہولت ثابت ہو گی، اور اس سے انصاف کا عمل مزید تیز اور موثر ہو گا۔"اس موقع پر چیئرمین نیشنل انڈسٹریل کمیشن جسٹس ریٹائر شوکت عزیز صدیقی ، بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین رائب خان بولیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "عبدالغنی مینگل کی کوششوں کی بدولت فل بینچ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اور آج کے بعد وکلا اور ورکروں کو کراچی یا اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وہ اپنے کیسز اور اپیلیں یہاں، اپنے شہر میں ہی فائل کر سکیں گے۔"اس اقدام کے ذریعے کوئٹہ کے عوام کے لئے انصاف کی فراہمی کا عمل مزید آسان اور سستا بنے گا۔ اس اقدام کا مقصد وکلا کو کراچی، لاہور یا اسلام آباد جیسے دور دراز شہروں میں سفر کرنے کی ضرورت سے بچانا ہے تاکہ وہ اپنے کیسز کی سماعت آن لائن طریقے سے مکمل کر سکیں چیئرمین نیشنل انڈسٹریل کمیشن، جسٹس ریٹائر شوکت عزیز صدیقی نے اس اہم قدم کا اعلان کیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج علاداد روشن، لیبر اپلیٹ جج نوروز، سینئر سول جج نور خان میاخیل، بلوچستان بار ایسوسی ایشن، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا تقریب میں شریک تھے۔