کوئٹہ، خود ساختہ مہنگائی کرنے والے تاجر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ،تحصیلدار ثناءاللہ پونی

جمعرات 10 اپریل 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) کوئٹہ، تحصیلدار ثناءاللہ پونی اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے انچارج جہانگیر خان کاکڑ نے لورالائی شہر کا دورہ کر کے بیکریوں، مختلف شاپس میں اشیاء خوردونوش،نانبائی قصابوں اور سبزی فروش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانوں کی صفائی ستھرائی اور کھانے پینے کی اشیا کو ڈھانپ کر رکھنے کی تاکید کی گراں فروشی کے عمل سے اجتناب کی سختی سے ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مقرر کردہ نرخ ناموں سے تجاوز کر کے عوام سے لوٹ مار کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے ، پرائس کنٹرول کمیٹی مکمل طور پر فعال ہے جو اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیتی رہے گی ، ہمارے اقدامات کا مقصد عوام کے وسیع تر مفاد میں کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ خود ساختہ مہنگائی کرنے والے تاجر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، ان کو چاہیے کہ وہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری سے اجتناب کریں بصورت دیگر گراں فروشی کے مرتکب تاجروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :