کمشنر مکران داؤد خان خلجی اور اسپیشل سیکریٹری صحت شیہک شہداد بلوچ کی زیر صدارت میں صحت عامہ کی سہولیات کے جائزہ کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 10 اپریل 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) کمشنر مکران داؤد خان خلجی اور اسپیشل سیکریٹری صحت شیہک شہداد بلوچ کی زیر صدارت کمشنر آفس تربت میں مکران ڈویژن میں صحت عامہ کی سہولیات کے جائزہ اور بہتری کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی و ایڈیشنل کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، مکران میڈیکل کالج کے پرنسپل، WHO، UNICEF، PPHI، مختلف پروگرامز و اسپتالوں کے نمائندوں اور نجی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔

مکران ڈویژن کے تمام صحت مراکز کو فعال بنانے، دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، بلڈ ٹیسٹ، زچگی، ویکسینیشن اور دوا کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اسپیشل سیکریٹری صحت نے دیہی علاقوں کے مسائل پر فوری اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا ٹیچنگ اسپتال ، رورل اور بیسک ہیلتھ سینٹرز میں OPD سمیت دیگر شعبہ جات کو فعال کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ اسٹاف کی کمی دور کرنے، ڈیپوٹیشن ڈاکٹروں کی واپسی، کنٹریکٹ بھرتیوں اور وبائی امراض کے سدباب کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہیلتھ کارڈ مہم کو وسعت دینے، لیبر رومز اور عمارات کی بہتری، مکران میڈیکل کالج کوکالج آف فزیشنز اینڈ سرجری کے ریکاگنائز کرکے ، ہاؤس جاب کا آغاز کیاجائیگا، اور پنجگور میں ڈائیلاسز سہولت بہتر بنانے جیسے فیصلے کیے گئے ۔اس کے علاوہ انڈس ہسپتال گوادر، پاک عمان ہسپتال پسنی، بی بی عصمت ہسپتال پنجگور سمیت دیگر سرکاری و نجی اسپتالوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ WHO کے ڈاکٹر فاروق رند نے حفاظتی ٹیکہ مہم پر اجلاس کو بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :