گاڑیوں کی فروخت میں 29فیصد،کاروں کی فروخت میں 39فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ

جمعرات 10 اپریل 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر29فیصد جبکہ کاروں کی فروخت میں 39فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔پاکستان آٹومینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ملک میں گاڑیوں کے 1215204یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 939965یونٹس کے مقابلہ میں 29فیصدزیادہ ہے، مارچ میں ملک میں گاڑیوں کے 138407یونٹس کی فروخت ہوئی جوگزشتہ سال مارچ کے 107894یونٹس کے مقابلہ میں 28فیصد زیادہ تاہم فروری کے مقابلہ میں دوفیصدکم ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ملک میں کاروں کی مجموعی فروخت کاحجم 75265یونٹس ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 54089یونٹس کے مقابلہ میں 39فیصدزیادہ ہے۔

(جاری ہے)

مارچ میں ملک میں کاروں کے 8130یونٹس کی فروخت ہوئی جوگزشتہ سال مارچ کے 7672یونٹس کے مقابلہ میں 6فیصدزیادہ ہے۔مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ایل سی ویز، وینز اورجیپوں کی مجموعی فروخت کاحجم 25786یو نٹس ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 14989یونٹس کے مقابلہ میں 72فیصدزیادہ ہے۔

اسی طرح مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ملک میں موٹرسائیکلز کے 1057831یونٹس کی فروخت ہوئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 816594یونٹس کے مقابلہ میں 30فیصدزیادہ ہے۔صرف مارچ کے مہینہ میں ملک میں موٹرسائیکلز کے 122357یونٹس کی فروخت ہوئی ہے، گزشتہ سال مارچ میں موٹرسائیکلز کے 122920یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔\395

متعلقہ عنوان :