Live Updates

آئندہ بدھ کو کسی اہم شخصیت سے ملاقات کروں گا پھر لائحہ عمل بتاؤں گا

بات چیت کے عمل میں امید ہے کہ دوست ممالک بھی آگے آئیں گے، کچھ لوگوں نے اس پر کام کیا ہے، پی ٹی آئی کے چند لوگوں کے حوالے سے میری بانی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اعظم خان سواتی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 10 اپریل 2025 21:45

آئندہ بدھ کو کسی اہم شخصیت سے ملاقات کروں گا پھر لائحہ عمل بتاؤں گا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 10 اپریل 2025ء ) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ آئندہ بدھ کو کسی اہم شخصیت سے ملاقات کروں گا پھر لائحہ عمل بتاؤں گا،بات چیت کے عمل میں امید ہے کہ دوست ممالک بھی آگے آئیں گے، کچھ لوگوں نے اس پر کام کیا ہے، پی ٹی آئی کے چند لوگوں کے حوالے سے میری بانی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے عید کے دوسرے روز ملاقات ہوئی، اس کے بعد سے بیراج کھلا کہ میں بانی سے کیوں ملا؟ مجھے ٹمبر مافیا کہا گیا۔سب میرے دوست ہیں سب نے میرے لئے آواز اٹھائی، میں اپنے اوپرتنقید کو مثبت لیتا ہوں،میں جس آگ میں کھڑا ہوں، کوئی کھڑا نہیں ہوسکتا۔ گارنٹی سے کہتا ہوں کوئی آدمی عمران خان کے سامنے اس طرح کھڑا نہیں ہوسکتا جیسے میں کھڑا ہوں،عمران خان کا مشن اداروں کو آزاد کرنا ہے اور قانون کی حکمرانی لانی ہے، میرے بارے میں جتنی بات کی گئی وہ سچ نہیں تھا، میں نے نہیں کہا میں جیل میں 11سو لوگوں کو سنبھال رہا تھا۔

(جاری ہے)

میں نے 2 اپریل 2025 کو ملاقات میں اجازت مانگی کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت شروع کروں تو عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ نہیں مانیں گے، وہ بات چیت نہیں کریں گے ، لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ ملک کی خاطر میں کوئی انتقام نہیں لوں گا، میرا ملک ڈوب رہا ہے، عمران خان نے نام لے کر کہا کہ ملک کی خاطر اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کریں ،میں کوئی انتقام نہیں لوں گا۔

میں نے اور ایک اینکر نے عمران خان کا صدرعارف علوی پیغام پہنچایا، عارف علوی کے ذریعے آرمی چیف کے دوست کے ساتھ بات چیت کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔آج میں نے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت شروع کردی ہے، میرا کام نیک نیتی سے کوشش کرنا ہے، اور میں 100فیصد نتائج کیلئے پرامید ہوں۔ کارکن ہونے کے ناطے بات چیت کے عمل کو سپورٹ کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بدھ کو کسی اہم شخصیت سے ملاقات کروں گا پھر لائحہ عمل بتاؤں گا،عارف علوی اور علی امین کو بھی کہتا ہوں ملاقات میں شامل ہوں۔بات چیت کے عمل میں امید ہے کہ دوست ممالک بھی آگے آئیں گے، کچھ لوگوں نے اس پر کام کیا ہے، پی ٹی آئی کے چند لوگوں کے حوالے سے میری بانی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات