Live Updates

ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا، نوبل انعام کی تجویز واپس لی جائے، مولانافضل الرحمان کا مطالبہ

امریکی صدر نے ہماری آرمی چیف کو کھانے پر بلایا جس پر پاکستان کے حکمران اتنے خوش ہوئے کہ صدر ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی سفارش کر دی؛ سربراہ جے یو آئی ف کی تنقید

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 جون 2025 20:37

ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا، نوبل انعام کی تجویز واپس لی جائے، ..
مری ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2025ء ) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا، نوبل انعام کی تجویز واپس لی جائے۔ تفصیلات کے مطابق مری میں پارٹی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ہاتھوں پر افغانستان اور فلسطینیوں کا خون بہہ رہا ہے، وہ کیسے امن کا داعی بن سکتا ہے؟ اس وقت خطے کی صورتحال باعث تشویش ہے، دنیا میں اس وقت معیشت کی جنگ چل رہی ہے، مشرق وسطیٰ میں جب چینی اقتصادیات کو فروغ مل رہا ہے ایسے وقت میں امریکہ طاقت کا مظاہرہ کر کے اس کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ امن کے نعرہ کے ساتھ صدارتی انتخاب جیتا اور اپنے دعوی میں جھوٹا ثابت ہوا، فلسطین اور لبنان پر اور شام پر اسرائیلی حمایت کرنا کون سا امن ہے؟ پاکستان نے جب انڈیا کی دفاعی قوت کو تباہ کردیا تو بیچ میں آگئے اور کہا میں نے جنگ بندی کروائی ہے جب کہ فلسطین، شام، لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملہ کی حمایت کی، یہ کیسے امن کی علامت ہوسکتی ہے؟ امریکی صدر نے ہماری آرمی چیف کو کھانے پر بلایا جس پر پاکستان کے حکمران اتنے خوش ہوئے کہ صدر ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی سفارش کر دی، صدر ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا ہے، نوبل انعام کی تجویز واپس لی جائے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات