محرم الحرام میں بلاتعطل بجلی کی فراہم کو یقینی بنایا جائے گا، وفاقی وزیر کی یقین دہانی

اویس لغاری نے ڈسکوز کے سی ای اوز کے نام خطوط میں محرم الحرام میں فوری اقدامات کرنے کے احکامات دیئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 جون 2025 19:20

محرم الحرام میں بلاتعطل بجلی کی فراہم کو یقینی بنایا جائے گا، وفاقی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 22 جون 2025ء ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر کی جانب سے ڈسکوز کے سی ای اوز کو لکھے گئے خطوط میں محرم الحرام کے تناظر میں فوری اقدامات کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے، محرم میں ملک بھر میں لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے، رواں سال محرم میں گرمی کی لہروں کے امکانات ہیں اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچایا جائے اور تمام ڈسکوز میں خراب سامان کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنانے اور ڈسکوز کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دینے کے بھی احکامات دئیے ہیں، یوم عاشور کو ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر تعینات کیا جائے، محرم الحرام میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ صارفین، خصوصاً امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی شیڈولڈ مرمت یا ممکنہ لوڈ مینجمنٹ کے بارے میں پیشگی آگاہ کریں، حساس مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی غیر متوقع گرڈ مسئلے کی صورت میں بیک اپ بجلی فراہم کی جائے، محرم الحرام کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24/7 دستیابی کو یقینی بنایا جائے، تمام سطحوں پر مخصوص کنٹرول سنٹرز قائم کیے جائیں اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے، محرم الحرام کے سلسلے میں اقدامات کی رپورٹ پاور ڈویڑن کو بھیجی جائے۔

متعلقہ عنوان :