سرینگر، پی ڈی پی کا وقف ترمیمی قانون کے حوالے سے اسمبلی کی خاموشی پر اظہار تشویش

جمعرات 10 اپریل 2025 22:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے متنازعہ وقف (ترمیمی) قانون کے حوالے سے علاقے کی اسمبلی کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سری نگر میں پارٹی کی سینئر قیادت کا ایک ہنگامی اجلاس بلایا جس میں مودی حکومت کی طرف سے لائے جانے والے وقف ترمیمی قانون کے ممکنہ اثرات پر غور و خوض کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے کی قانون ساز اسمبلی نے بل کے بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اورنہ ہی اس حوالے سے بحث کا انعقاد کیا جو قابل تشویش ہے۔محبوبہ مفتی نے اس موقع پر کہا کہ وقف ترمیمی بل محض ایک سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ مسلمانوں کے مذہبی اداروں کی خود مختاری اور سالمیت کا معاملہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ وقف املاک میں مساجد، مزارات اور قبرستان شامل ہیں جو مسلم کمیونٹی کے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔اجلاس میں ڈاکٹر محبوب بیگ، آسیہ نقاش، غلام نبی لون ، محمد خورشید عالم اور بشارت بخاری اور دیگر شریک تھے۔اجلاس میں نیشنل کانفرنس کی مقبوضہ علاقے کی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی خاموشی توڑ دے اور وقف ایکٹ پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔