فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کا چھاپہ،اچار میں استعمال کی جانے والی8000کلو گرام فنگس زدہ گاجریں تلف، 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد

جمعہ 11 اپریل 2025 10:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)فوڈ اتھارٹی فیصل آباد نے نتھو چک میں اچار بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارکر وہاں موجود 8000کلوگرام گلی سڑی، بدبودار، فنگس زدہ، غیر معیاری اور مضر صحت گاجریں تلف کرکے یونٹ مالک کو 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر مذکورہ فیکٹری پر اچانک چھاپہ مارا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ8000کلوگرام مضر صحت گاجریں اچارکی تیاری میں استعمال کی جانی تھیں، انتہائی تعفن زدہ اور گندہ ماحول ہونے پربھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں کھلے پراسیسنگ اور سٹوریج ایریا میں اچار تیار کیا جارہا تھا جس کیساتھ انتہائی لازم ریکارڈ، میڈیکل، ٹریننگ دستاویز کی عدم موجود گی اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونٹ میں موجود ہودیوں میں مردہ حشرات، لاروا اور فنگس کی موجودگی بھی پائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ نان فوڈ گریڈ ڈرموں میں موجود اشیا کوحفظان صحت کے اصولوں کے منافی گندی بوریوں سے ڈھانپ کر رکھا پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ غیر معیاری اشیا کا استعمال پیٹ اور انتڑیوں کی موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے،اس غیر معیاری اچار کو فیصل آباد کے مضافات اور شہری علاقوں میں فروخت کیا جانا تھا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کھلی اشیامت خریدیں اوراپنے و اپنے بچوں کی صحت و تندرستی کیلئے غذائیت سے بھرپور خوراک کا چناؤ یقینی بنائیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کرنے والے معاشرے کے ناسور ہیں جن کے گھناؤنے کاروباروں کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :