فیصل آباد کا سیف سٹی پراجیکٹ رواں ماہ کے آخرمیں فنکشنل ہو جائیگا، آٹو سسٹم سے ٹریفک پولیس ریگولیشن پر زیادہ توجہ دے سکے گی،چیف ٹریفک آفیسر

جمعہ 11 اپریل 2025 11:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) فیصل آباد کا سیف سٹی پراجیکٹ رواں ماہ اپریل کے آخری ہفتہ میں فنکشنل ہو جائے گا اور ای چالاننگ کے آٹو سسٹم سے ٹریفک پولیس ریگولیشن پر زیادہ توجہ دے سکے گی۔ یہ بات چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت کیمرے اور سکرین لگ گئے ہیں جبکہ سٹاف بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے چالو ہونے سے زیبرا کراسنگ، سٹاپ لین اور ہیلمٹ نہ پہننے سمیت دیگر ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے پر الیکٹرانک چالان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آگاہی کیلئے مختلف سڑکوں پر بورڈ نصب کئے جائیں گے جبکہ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ اور چیمبر کے تعاون سے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے چیمبر کے نزدیک صرف جگہ مہیا کر دی جائے تو چیمبر کے پولیس خدمت مرکز سے لرنر ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مین کینال روڈ سے چیمبر آنے کیلئے ریمپ کی تعمیر کے مطالبہ کی بھی حمایت کی اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر سے سفارش کریں گے۔ خراب ٹریفک سگنلز بارے انہوں نے بتایا کہ ان کو درست کرنے کی ذمہ داری میونسپل کارپوریشن پر ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہوتی ہے تاہم اس مسئلہ کو اگر ٹریفک پولیس کے سپرد کر دیا جائے تو وہ اس کو جلد درست کر اسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ چالانوں کا کوئی ٹارگٹ نہیں دیا جاتا جبکہ ان سے چار پانچ کروڑ کی معمولی رقم وصول ہو تی ہے۔ انہوں نے ڈائیوو روڈ کیلئے الگ ٹریفک سیکٹر بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ سیکٹر اسی ماہ سے کام شروع کر دے گا۔ انہوں نے دیگر مختلف علاقوں کیلئے مخصوص مسائل کیلئے الگ میٹنگز کرنے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ ان کے پاس صرف ایک ہزار کی نفری ہے جس کے ذریعے شہر کے علاوہ پورے ضلع کی ٹریفک کو شفٹوں کے ذریعے ریگولیٹ کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے سی ٹی او کا خیر مقدم کرتے ہوئے ٹریفک سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کی اور موٹر سائیکلوں کیلئے الگ لین بنانے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ سوال و جواب کی نشست میں رانا محمد سکندر اعظم، ایوب اسلم منج، سہیل بٹ، حاجی محمد اسلم بھلی، عمر فاروق کاہلوں، رانا اکرام اللہ، میاں محمد طیب، آفتا ب احمد بٹ، حاجی محمد عابد اور ثنا اللہ خان نیازی سمیت دیگر ممبران نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے سی ٹی او کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ نائب صدر شاہد ممتا ز باجوہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :