ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور کی زیر صدارت کرائم میٹنگ، ناقص کارکردگی پر افسران کی سرزنش

جمعہ 11 اپریل 2025 13:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز لاہور میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت کرائم میٹنگ ہوئی، جس میں ٹاون شپ اور چوہنگ سرکلز کے ڈی ایس پیز، انچارج انویسٹی گیشنز اور ایس ایس او یو آئی انچارجز نے شرکت کی۔اجلاس میں زیر التوا اور پینڈنگ مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ناقص کارکردگی اور سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی سرزنش کی گئی اور متعدد کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ایس ایس پی محمد نوید نے ہدایت کی کہ فنانشل کرائم اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ ایسے مقدمات کے چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم کے واقعات میں افسران خود موقع پر پہنچ کر شواہد اپنی نگرانی میں اکھٹے کریں تاکہ تفتیش موثر بنائی جا سکے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے زور دیا کہ خواتین اور بچوں کے اغوا، ظلم و زیادتی اور ہراسگی جیسے مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط اور مثر چالان مرتب کریں تاکہ ملزمان کوسزا دلوائی جا سکے۔ ساتھ ہی پراسیکیوشن برانچ سے کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔ایس ایس پی محمد نوید نے کہا کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی انویسٹی گیشن ونگ کی اولین ترجیح ہے اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے مسائل سننے کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھیں۔

متعلقہ عنوان :