بھارتی فوج کا ڈرون جموں ایئر بیس پر گر کر تباہ، ائر فورس اہلکار شدید زخمی

جمعہ 11 اپریل 2025 13:04

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) بھارتی فوج کا ایک ڈرون جموں کے ستواری علاقے میں بھارتی ایئر فورس(آئی اے ایف) کے ٹاور سے ٹکرانے کے بعد ائر بیس پر گرکر تباہ ہو گیا، واقعے میں آئی اے ایف کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈرون نے لینڈنگ کے دوران اپنا کنٹرول کھو دیا اور ایئر فورس ٹاورسے ٹکرا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا جا رہا ہے کہ یہ ڈرون عسکریت پسند وں کے خلاف جاری بھارتی فورسزکے آپریشن کے سلسلے میں نگرانی کے مشن پر تھا۔ حادثے کے نتیجے میں ڈیفنس سکیورٹی کور (ڈی ایس سی) کا نائیک سریندر پال شدید زخمی ہو گیا، اسے فوری طور پر ستواری کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ایک سینئر افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوج کا ایک ڈرون معمول کی پرواز کے دوران ایئر فورس سٹیشن پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں ڈی ایس سی کا نائیک سریندر پال شدید زخمی ہوا ہے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔