Live Updates

ڈی سی لاہور کانیلا گنبد، لٹن روڈ اور اطراف کے علاقوں کا دورہ ، صفائی و نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا

جمعہ 11 اپریل 2025 13:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نےشہر لاہور کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور بارش کے بعد نکاسی آب کے موثر انتظامات کے لیے شہر کی مختلف شاہرائوں اور علاقوں کا دورہ کیا ۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شہر میں کلین مشن جاری ہے۔ڈی سی لاہور نے نیلا گنبد، لٹن روڈ اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی و نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی علی بابر رائے اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی سی لاہور نے واسا حکام کو فوری طور پر نکاسی آب یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز کا دورہ کر کے یہ دیکھا جائے کہ کہیں بھی بارشی پانی کھڑا نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی حکام کو ہدایت دی کہ بارش کے بعد صفائی کے تمام احکامات پر فوری اور موثر عملدرآمد کیا جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو شہر بھر سے تجاوزات کے فوری خاتمے کی ہدایت جاری کی گئی، جبکہ مارکیٹوں کی ری سٹرکچرنگ اور جدید ڈیزائننگ کے ذریعے شہر کی خوبصورتی میں بہتری لانے پر زور دیا گیا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ بصری آلودگی کا سبب بننے والے تمام بینرز، پوسٹرز اور فلیکسز کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور صفائی میکانزم پر روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہر کی بہتری اور عوامی سہولت کے لیے کلین مشن کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات