شادی کی تقریب میں فحش گانوں پر رقص کرنے پر مہک ملک سمیت 35 افراد پرمقدمہ درج

مقدمے میں تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی،رقاصہ کو منڈی یزمان کے ایک گاوں میں منعقدہ مہندی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا جس میں مہک ملک نے مبینہ طور پر نیم عریاں لباس پہنا اور فحش گانوں پر رقص کیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 11 اپریل 2025 15:32

شادی کی تقریب میں فحش گانوں پر رقص کرنے پر مہک ملک سمیت 35 افراد پرمقدمہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل 2025) شادی کی نجی تقریب میں فحش گانوں پر رقص کرنے پر مہک ملک سمیت 35افراد پرمقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی،میڈیا رپورٹس کے مطابق رقاصہ مہک ملک کو منڈی یزمان کے ایک گاوں میں منعقدہ مہندی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران مہک ملک نے مبینہ طور پر نیم عریاں لباس پہنا اور فحش گانوں پر رقص کیا۔

دیگر افراد پر الزام ہے کہ وہ ان پر نوٹ نچھاور کر رہے تھے۔ مقدمے میں 10 ملزمان کو نامزد جبکہ 25 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پریہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ تقریب میں کچھ سرکاری ملازمین بھی موجود تھے، جن میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شامل تھا۔

(جاری ہے)

تاہم انہیں مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب کے علاقے لودھراں میں تھانہ سٹی پولیس نے شادی تقریبات کے دوران مجروں میں فحش گانوں پر رقص کرنیوالی رقاصاوں سمیت50افراد کو گرفتار کیا تھا۔

اس حوالے سے پولیس کاکہنا تھا کہ محلہ کوڑے والا اور قاسم والا میں جاری مجروں پر چھاپے مارے گئے تھے ۔جہاں دونوں مقامات پر شادی کی تقریب کی آڑ میں غیر اخلاقی محفل سجائی گئی تھیں اور محفل میں غیر اخلاقی سرگرمیاں ہورہی تھیں۔ایس ایچ او تھانہ سٹی مزمل خان کاکہناتھاکہ پولیس نے اطلاع ملنے پر جاری رہنے والے مجروں پر چھاپے مارے اور فحش گانوں پر رقص کرنے والی رقاصاوں کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ رقاصاوں پر لٹائی گئی بھاری رقم ایک لاکھ چھینانوے ہزار روپے بھی برآمد ہوئے تھے۔محفل میں اماراتی، سعودی اور امریکی کرنسی نوٹ بھی نچھاور کئے گئے تھے تھے۔ آتشبازی کا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا تھا۔اس موقع پر ڈی پی او کامران ممتاز نے کہا تھاکہ غیر قانونی محفلوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور فحاشی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔