پانچ روزہ میلہ چراغاںکا آغاز ہو گیا، لاہور کی فضائیں صوفی رنگوں سے مہک اٹھیں

جمعہ 11 اپریل 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) لاہور کی تاریخ اور ثقافت کے امین شالیمار باغ میں پانچ روزہ "میلہ چراغاں " کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور حکومت پنجاب کے باہمی اشتراک سے منعقد کیے گئے اس رنگا رنگ ثقافتی میلے نے پہلے ہی دن ہزاروں شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کر لیا، جہاں صوفیانہ کلام، لوک رقص، موسیقی اور روایتی فنون نے سماں باندھ دیا۔

ترجمان والڈ سٹی کے مطابق شالیمار باغ کے پہلے تخت پر جاری صوفی و لوک موسیقی کی محفلوں میں لیاقت پارکوی اور چاپ گروپ (مست قلندر ڈیرہ)، تاج مستانی اور شوکت فقیر (لال شہباز قلندر ڈیرہ) نے اپنی پرفارمنسز سے حاضرین کے دل موہ لیے۔ دوسری چھت پر مختلف صوفی سلسلوں سے وابستہ فنکاروں جیسے کہ دیتو لال بھیل، آدھو بھیل، ساجد الان فقیر (خواجہ غلام فرید ڈیرہ)، شوکت دھولیا، ہیر گائیکی، بولیاں اور پنجابی لوک فنکار (مادھو لال حسین ڈیرہ) نے اپنی بھرپور فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے اس موقع پر کہا کہ "یہ میلہ صرف ثقافت کا مظاہرہ نہیںیہ عوام اور ان کی روحانی وابستگی کا جشن ہے۔ اس دلچسپی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری تہذیبی بنیادیں آج بھی مضبوط ہیں۔"شالیمار باغ کے دوسرے تخت پر پیش کیا جانے والا روحانی "رقصِ درویش" میلے کی خاص کشش بنا رہا۔ شام کے وقت جب تیسری چھت پر قائم مرکزی اسٹیج کی روشنیاں جگمگائیں تو فضا میں موسیقی کا جادو بکھر گیا۔ فائر شو، جگلنگ اور موسیقی سے اس محفل کا آغاز کیاگیا۔ رمضان جانی نے جہاں صوفیانہ موسیقی سے حاضرین کے دل جیتے وہیں ندیم سلامت اور مسعود سلامت کی قوالی پرفارمنس نے جشن کا لطف دوبالاکیا۔