چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر محمود بٹ کی زیر صدارتسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس

ّ میٹنگ میں ان سائٹس پر ہونے والے معائنے کی روشنی میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 11 اپریل 2025 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2025ء)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر محمود بٹ کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔ یہ اجلاس کمیٹی کے گزشتہ روز کے فزیکل وزٹس کے تناظر میں منعقد ہوا، جن میں مختلف ہاؤسنگ سائٹس کا جائزہ لیا گیا تھا۔ آج کی میٹنگ میں ان سائٹس پر ہونے والے معائنے کی روشنی میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر خیبرپختونخواہ کے اسٹیٹ آفس اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) نے وزیر ہاؤسنگ کی ہدایت پر بعض اہم نکات پر بریفنگ دی اور آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیے جانے والے نکات پر روشنی ڈالی۔ ان نکات میں پی ایچ اے سے متعلق تنازعات، متنازعہ اراضی، اور بعض ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی کارکردگی شامل تھی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے بعض ہاؤسنگ منصوبوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

مزید برآں، فیز 5 حیات آباد میں دستیاب رہائشی زمین سے متعلق کمیٹی کو بریف کیا گیا، جس پر کمیٹی نے ہدایت دی کہ اس حوالے سے جامع پروپوزل تیار کر کے کیبنٹ اور وزیر اعظم کو ارسال کیا جائے تاکہ اس زمین کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لایا جا سکے۔کمیٹی اجلاس میں اسٹیٹ آفس کو ہدایت دی گئی کہ فیڈرل لاجز سمیت تمام لاجز کی بکنگ اور ادائیگی کا نظام مکمل طور پر آن لائن کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس کے علاوہ، رینٹل سسٹم کو مؤثر بنانے، آن لائن ریکارڈ مرتب کرنے، اور حکومتی آمدن میں اضافے سے متعلق اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔اسٹیٹ آفس کو تجویز دی گئی کہ ایک جامع آن لائن سسٹم متعارف کرایا جائے جس میں بائیومیٹرک چیک ان/چیک آؤٹ، CNIC نمبر کے ذریعے ریزرویشن، اور آن لائن پیمنٹ کا نظام شامل ہو۔ اسٹیٹ آفس نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ وہ اس نظام پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی تفصیلی بریفنگ دیں گے۔کمیٹی کے آج کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر محمود بٹ، سینیٹر حسنہ بانو، سینیٹر خالدہ عتیب اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :