ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر کا چوکی ترلاندی کا اچانک دورہ، سکیورٹی انتظامات اور انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ

جمعہ 11 اپریل 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) چارسدہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر نے پولیس چوکی ترلاندی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چوکی میں دستیاب سہولیات، بنیادی ڈھانچے اور سکیورٹی سے متعلق مختلف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے چوکی میں نصب کیے گئے سولر سسٹم، بیٹریوں، سرچ لائٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور سکیورٹی پینسنگ کا معائنہ کیا۔

انہوں نے تمام سکیورٹی آلات کی مؤثر تنصیب اور فعالیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور عملے کو ان سہولیات کے بہترین استعمال کی ہدایت کی۔انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ چوکی کے انفراسٹرکچر کو مزید فعال اور محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس چوکیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنا چارسدہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ نستہ مظفر خان بھی موجود تھے، جنہوں نے چوکی میں جاری سیکیورٹی اقدامات اور ضروریات سے متعلق ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر کو بریفنگ دی۔ ڈی پی او چارسدہ نے چوکی کے اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :