معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشد نصراللہ کی سربراہ جمیعت اہلحدیث پاکستان پروفیسر ساجد میر کی عیادت

ہفتہ 12 اپریل 2025 01:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد نصراللہ نے سربراہ جمیعت اہلحدیث پاکستان پروفیسر ساجد میر کی عیادت کی۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی نے راولپنڈی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج سربراہ جمیعت اہلحدیث پاکستان پروفیسر ساجد میر کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر مسلم لیگ (ن) اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پروفیسر ساجد میر کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اپنے درینہ دوست ساجد میر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ سربراہ جمیعت اہلحدیث پاکستان پروفیسر ساجد میر نے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے لیے صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔