کینڈا سی12سکھ یاتریوں کا جتھہ بلوندر جیت سنگھ کی قیادت میں ننکانہ صاحب پہنچ گیا

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ و دیگر ضلعی افسران نے ننکانہ آمد پر سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا، یاتریوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں

ہفتہ 12 اپریل 2025 11:15

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)کینڈا سی12سکھ یاتریوں کا جتھہ بلوندر جیت سنگھ کی قیادت میں ننکانہ صاحب پہنچ گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ و دیگر ضلعی افسران نے ننکانہ آمد پر سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا، یاتریوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ، ممبر ایڈوائزری کونسل پنجاب اقلیتی امور و انسانی حقوق سردار سرجیت سنگھ کنول سمیت دیگر سکھ کمیونٹی کے افراد بھی استقبالیہ کیمپ میں موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں وساکھی میلے کی تقریبات کا آغاز 12اپریل سے ہو ا ، وساکھی کی تقریبات 15اپریل تک جاری رہیں گی ، ہمسایہ ملک بھارت سے 7ہزار سے زائد سکھ یاتری 12اپریل کو ننکانہ صاحب پہنچیں گے جبکہ اندرون و بیرون ممالک سے 20ہزار سے زائد سکھ یاتری شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وساکھی میلے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ، سکھ یاتریوں کے لیے رہائش ، فول پروف سیکیورٹی اور لنگر کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر صورتحال کی نگرانی کے لیے گوردوارہ جات اور ڈی سی آفس میں کنٹرول رومز قائم ہیں ، تمام شاہرات پر24گھنٹے پٹرولنگ کا عمل جاری ہے ، سٹی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 15اپریل کو ارداس / دعائیہ تقریب کے ساتھ وساکھی میلے کی تقریبات اختتام پذیر ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وساکھی میلے میں شرکت کرنے والے سکھ یاتری اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔اس موقع پر سکھ یاتریوں نے پرتپاک استقبال کرنے پر حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔سردار بلوندر سنگھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے ، یہاں بسنے والے افراد سکھ قوم سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی محبت دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔