ایف ڈی اے کے اشتراک سے عشق آباد لٹریری فیسٹیول کا انعقاد

ہفتہ 12 اپریل 2025 17:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے )کے اشتراک سے عشق آباد لٹریری فیسٹیول نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ عشق آباد لٹریری فیسٹیول کے پانچ سیشن منعقد ہوئے جن میں نامور شاعروں، ادیبوں، لکھاریوں و ادبی دانشوروں افتخارِ عارف، اصغر ندیم سید، نامور شعراء کرام عباس تابش، عدنان بیگ، صوفیہ بیدار، عدیل ہاشمی، قاضی علی ابوالحسن، ڈاکٹر شیبا عالم، رحمان فارس، ریحان زائر ودیگر نے انسانی ارتقاء میں ادبی تہذیب و ثقافت اور اس کے معاشرے پر اثرات کے بارے میں اظہار خیال کیا ۔

اس موقع پر ادبی ثقافتی ورثہ، پنجابی بولیاں، بیت بازی، شعروسخن و ادبی تخلقیات کے معاشرتی اثرات اس خطے کے فریڈم فائٹر بھگت سنگھ کی شخصیت پر دستاویزی فلم کی نمائش اور بھگت سنگھ کے نام خط پر جذباتی منظر کے علاوہ دیگر مختلف ادبی موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ آخر میں معروف ادبی دانشور شاعر افتخار عارف کی زیر صدارت مشاعرہ منعقد ہوا جس میں ملک کے مایہ ناز شعراء کرام نے اپنا خوبصورت کلام پیش کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے عشق آباد لٹریری فیسٹیول میں شرکت کرنے والے علم و ادب اور فنون لطفیہ سے تعلق رکھنے والی مایہ ناز شخصیات کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس ادبی میلے کے انعقاد کا مقصد ادبی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کے علاوہ شائقین ادب کے ذوق کی تسکین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اصناف کے ادبی تخلیق کار معاشرے کے معتبر روشن ستارے ہیں جو اپنی تحریروں، شعری مجموعوں و دیگر تخلیقی فن پاروں کے ذریعے معاشرتی اصلاح، پیار ومحبت کا پرچار، مثبت رویوں کے فروغ، سماجی شعور میں اضافہ اور امنگ ترنگ کے ساتھ متحرک و پرعزم زندگی گزارنے کا ہنر سکھاتے ہیں، انہی مقاصد کے حصول کیلئے اس ادبی میلے کے انعقاد میں معاونت کا بیڑا اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایف ڈی اے نے شہری ترقی کے ساتھ ساتھ سوشل ایکشن پروگرام کے تحت علمی و ادبی تقریبات مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر نوعیت کے ایونٹس منعقد کرانے کی شاندار روایات کی بھی بنیاد ڈالی ہے اور مستقبل میں ایسے ادبی میلوں کی ترویج و ترقی کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے۔ قبل ازیں چیف آرگنائز عشق آباد لٹریری فیسٹول عباس تابش نے ادب نوازی پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی معاونت نے فیصل آباد میں اس فیسیٹول کے انعقاد کے خواب کو تعبیر آشنا کر دیا گیا ہے۔

ادبی دانشور اصغر ندیم سید اور سٹیج سیکرٹری عدنان بیگ نے بھی عشق آباد لٹریری فیسٹیول کے شاندار انعقاد میں ایف ڈی اے کے عمدہ کردار کو سراہا اور کہا کہ علم و ادب کے معاشرے پر گہر ے اثرات معاشرتی، ثقافتی ل، تعلیمی اور معاشی پہلوؤں پر محیط ہیں۔بعدازاں ملک کے ممتاز شاعر افتخار عارف کی زیر صدارت محفل مشاعرہ میں ملک کے نامور شعراء کرام ریاض مجید، نصرت صدیقی، عباس تابش، قمر رضا شہزاد، انجم سلیمی، شوکت فہمی، عدنان بیگ، شکیل جاذب، صوفیہ بیدار، اظہر فراغ، بشری ناز، ڈاکٹر وقار خان، سرور خان سرور، خالد ندیم شانی، فیاض ملک، صائمہ آفتاب، شہزاد بیگ، عاطف یاسر، خاور حسین، خرم آفاق، ارشد محمود ارشد، کفیل رانا، عمیر مشتاق، مقیل بخاری نے دلوں کو چھو جانے والا کلام پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔