مانسہرہ،خطرناک اشتہاری ملزم پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

ہفتہ 12 اپریل 2025 17:51

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) مانسہرہ پولیس نے خطرناک اشتہاری ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ لاری اڈہ فیصل خلیل نے ٹیم کے ہمراہ اشتہاری ملزم ابراہیم عرف عدیل ولد نزیر سکنہ بٹ دریاں کی گرفتاری کے لیے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزم اور اس کے دو نامعلوم ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی،پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دفاع کیا تاہم اشتہاری ملزم ابراہیم عرف عدیل اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے پولیس پارٹی نے زخمی حالت میں گرفتار کر کے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے،پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف قتل،اقدام قتل،منشیات فروشی اور پولیس پر فائرنگ سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں۔