وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور میں پہلا نوازشریف کے نام انٹرنیٹ سٹی بنانے کا اعلان

ہفتہ 12 اپریل 2025 22:26

وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور میں پہلا نوازشریف کے نام انٹرنیٹ سٹی بنانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا لاہور میں پہلا نوازشریف کے نام انٹرنیٹ سٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔اناطولیہ ڈپلومیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2024میں بطوروزیراعلیٰ منصب سنبھالا،صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کیے ہیں،پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، یہاں مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحات پرکام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے سفیر کے طورپر کام کررہی ہوں، پنجاب میں سکولوں کوجدید ٹیکنالوجی پرمنتقل کیا جا رہا ہے،بچیوں کو تعلیم یافتہ بنانا میری ترجیح ہے،ابتدائی تعلیم کے شعبیمیں بہتری کیلئے اقدامات کیے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہونہارسکالرشپ سی50ہزاربچوں کوتعلیم دی گئی، سکالرشپ کا50 فیصد حصہ بچیوں کو دیا جاتا ہے، پنجاب میں30ہزاراساتذہ میرٹ پربھرتی کر رہے ہیں، اساتذہ کی تربیت کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں نوازشریف کے نام سے پہلا انٹرنیٹ سٹی بنانے جارہے ہیں، نصاب کو جدید تقاضوں کیمطابق بنایا جا رہا ہے اورآئی ٹی کی تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ہمارا وڑن ہے، مریم نواز پنجاب میں30ہزاراساتذہ میرٹ پر بھرتی کر رہے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی، خاتون اول امینے اردوان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

صدر اردوان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈپلومیسی فورم کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔صدر اردوان نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر ایردوان نے کہا کہ ’’جلد نواز شریف سے ملاقات ہوگی، انشائ اللہ۔‘‘ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ کے صدر کے لیے محمد نواز شریف کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور دورے کی دعوت دینے پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا۔