ذ*گوادر، ایس بی کے تحت کامیاب 295 اساتذہ میں تعیناتی کے آرڈر تقسیم کیے گئے

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:10

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب میں ایس بی کے (SKB) ٹیسٹنگ سروس کے تحت کامیاب ہونے والے 295 نئے اساتذہ میں تعیناتی کے آرڈر تقسیم کیے گئے۔ ان میں 200 مرد اور 95 خواتین اساتذہ شامل ہیں، جن کی تعیناتی سے ضلع گوادر میں کئی غیر فعال اسکولوں کی بحالی ممکن ہوگی جبکہ دیگر اسکولوں میں اساتذہ کی قلت بھی کافی حد تک دور ہو جائے گی۔

یہ تقریب گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گوادر میں منعقد ہوئی جس میں مہمانِ خصوصی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ (ایم پی اے گوادر) اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، وہاب مجید (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل)، بلقیس سلیمان (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل)، نادل علی (اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر)، سی پی ڈی یونیسیف آفیسر اور دیگر تعلیمی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، ڈی سی گوادر حمود الرحمن، اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان نئے اساتذہ کی تعیناتی سے ضلع بھر میں تعلیم کے فروغ کو زبردست تقویت ملے گی۔ بند اسکول دربارہ فعال ہو جائیں گے اور دور دراز علاقوں کے بچے بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں گے۔ڈپٹی کمشنر گوادر کی تعلیم دوستی اور مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ان کی قیادت میں کئی غیر فعال اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے، جہاں اساتذہ کو کنٹریکٹ بنیادوں پر تعینات کر کے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔

علاوہ ازیں، طلبہ کو اسکول یونیفارم، کتابیں اور اسکول بیگز بھی مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ایم پی اے گوادر نے وزیر اعلی بلوچستان اور صوبائی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ وہ خود مختلف علاقوں کا دورہ کر کے اداروں کو درپیش مسائل کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پورے بلوچستان میں SBKکے تحت کامیاب ہونے والے اساتذہ کی تعیناتی کے عمل کا باضابطہ آغاز گوادر سے ہونا ایک اعزاز ہے، جو ضلعی انتظامیہ اور عوام کی تعلیم دوستی کا مظہر ہے۔

تفصیلات کے مطابق تعیناتی آرڈر حاصل کرنے والے اساتذہ کی کیٹیگریز درج ذیل ہیں:مرد اساتذہ:JVT - 125، JET - 21، JDM - 10، JAT - 7، MQ - 4، EST - 20، JET Tech - 1، PET - 9خواتین اساتذہ:JVT - 47، JET - 13، JDM - 6، JAT - 6، MQ - 1، EST - 15، PET - 7تقریب کے اختتام پر نئے اساتذہ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی گئی اور ان سے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ خلوصِ نیت سے اپنے فرائض انجام دے کر ضلع گوادر کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔