ہیڈ آف انرجی لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی سید عمران شاہ کی قیادت میں ایک وفد نے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:20

گ*گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء) ہیڈ آف انرجی لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی سید عمران شاہ کی قیادت میں ایک وفد نے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وفد کو چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹان پلاننگ عبدالرزاق نے گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان سمیت جی ڈی اے کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر سید عمران شاہ نے گوادر میں متبادل توانائی (سولر اور ونڈ پاور) کے منصوبے شروع کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایک قدرتی ''ونڈ کوریڈور'' ہونے کے ساتھ ساتھ سال بھر سورج کی تیز تپش سے بھی مالا مال ہے، جو اسے شمسی اور ہوائی توانائی پیدا کرنے کے لیے انتہائی موزوں بناتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ان منصوبوں کے ذریعے نہ صرف گھریلو ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا بلکہ مستقبل میں گوادر میں صنعتی سرگرمیوں کے لیے درکار توانائی بھی مہیا کی جا سکے گی۔

اور اسی طرح بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کسی اور ملک پر انحصار ختم ہو جائیگا۔ فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوادر میں ونڈ یا سولر پاور پر مبنی ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کیلئے جائزہ لے رہی ہے تاکہ مقامی آبادی کو مستفید کیا جا سکے۔چیف انجینئر حاجی سید محمد نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقے کی ضروریات کے عین مطابق قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گوادر کو شدید بجلی بحران کا سامنا ہے، اور متبادل توانائی کے منصوبے اس کمی کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جی ڈی اے گوادر میں متبادل توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتی ہے اور سرمایہ کاروں کو ایک محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔