ژ*لاہور پولیس کی مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں

ٴْ منشیات فروشی، اسلحہ برآمدگی، چوری، ون ویلنگ و دیگر جرائم میں ملوث درجنوں ملزمان گرفتار

ہفتہ 12 اپریل 2025 22:35

ذ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء) انسدادِ جرائم کیلئے لاہور پولیس کی چوری،ڈکیتی،منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن، ناکہ چیکنگ اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 5 منشیات فروش گرفتار کر لیئے جن کے قبضہ سے 840 گرام ہیروئن، 320 گرام آئس، 3 عدد پستول، میگزینز اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

ون ویلرز کے خلاف بھرپور ایکشن لیتے ہوئے ون ویلنگ میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جنہوں نے ون ویلنگ کرتے ہوئے ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر رکھی تھیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔فیصل ٹاؤن سے موٹر سائیکل چوری میں ملوث 3 رکنی گینگ کو گرفتار کیا گیا، جن سے 3 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور 2 پستول برآمد کیے گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں AVLS ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اسی طرح شہر میں مختلف علاقوں میں ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والے 3 مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جن کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔شاد باغ پولیس نے لاپتہ ہونے والی 8 سالہ بچی جنت کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت والدین سے ملا دیا۔ بچی بازار سے واپسی پر راستہ بھول گئی تھی، جس پر پولیس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لا کر بچی کو تلاش کرکے والدین کے سپرد کیا۔

علاوہ ازیں، پولیس ناکہ جات پر تعینات اہلکاروں کے لیے موسم گرما کے پیش نظر چھتریاں اور ٹھنڈے پانی کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ اہلکار بہتر انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔لاہور پولیس کی جانب سے جاری ان کارروائیوں کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنا ہے۔