،10 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ ط ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس، 2 ملزمان گرفتار

ہفتہ 12 اپریل 2025 22:35

_لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء) لاہور کے علاقے ہنجروال میں 10 سالہ گھریلو ملازمہ بچی سونیا پر مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہونے کے واقعہ پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق واقعہ تھانہ ہنجروال کی حدود میں پیش آیا جہاں سونیا نامی بچی نوشین اور فرخ بشیر کے گھر گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔

بچی پر مبینہ تشدد کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزمہ نوشین اور اس کے شوہر فرخ بشیر کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

واقعے کا مقدمہ نمبر 1142/25 تھانہ ہنجروال میں درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق خواتین اور بچوں پر تشدد ناقابل برداشت اور ریڈ لائن ہے۔ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے اس دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔