پی ٹی آئی کے جھوٹے دعوے پاکستان کی ترقی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، اختیار ولی خان

اتوار 13 اپریل 2025 13:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) وزیر اعظم کے خیبر پختونخوا کے امور کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قوم ان کے ’’جھوٹے بیانیے اور پرخطر تجربات‘‘ کی متحمل نہیں ہو سکتی جو ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اختیار ولی خان نے اپنے ایک انٹرویو میں پی ٹی آئی کے غلط معلومات پھیلانے کے ہتھکنڈوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا مہم کے ذریعے جھوٹے بیانیے پھیلا رہی ہے اور باقاعدہ ایک سازش کے تحت قوم کو گمراہ کر رہی ہے تاہم ان کی فریب کارانہ حکمت عملیاں عوام میں بے نقاب ہو رہی ہیں اور انہیں پروپیگنڈہ پھیلانے کا مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم پی ٹی آئی کی غلط معلومات سے تیزی سے آگاہ ہو رہی ہے اور پی ٹی آئی اپنے اعمال کی جوابدہ ہو گی۔اختیار ولی نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جھوٹ اور غلط معلومات کے ذریعے رائے عامہ کو متاثر کرنے کی کوششوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خدشات کا اظہار کیا کہ لگتا ہے کہ پی ٹی آئی غیر ملکی عناصر کی مدد کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت خودغرض ہے جو اپنے مفادات کو ملک کی بھلائی پر ترجیح دیتی ہے۔اختیار ولی نے مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی دانشمندانہ فیصلے کر رہی ہے اور ملک کو ترقی کی طرف لے کر جا رہی ہے۔ انہوں نے معیشت کو مستحکم ، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور شہریوں کے مجموعی معیار زندگی میں بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں اور اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں جو پاکستان کو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔