زکوۃ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے،معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشد نصراللہ

اتوار 13 اپریل 2025 14:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے زکوٰۃ و عشر راشد نصراللہ نے کہا ہے کہ زکوۃ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔معاون خصوصی کی زیر صدارت راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ راولپنڈی احتشام الحق، ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر ثنا اللہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی بشمول ضلع مری میں1166 زکوۃ کمیٹیاں ہیں۔ زکوۃ فنڈز کے ذریعے روزگار سکیم، قیدیوں کی رہائی کے لیے مالی معاونت اور ہسپتالوں میں غریب مریضوں کے مفت علاج کے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے زکوٰۃ و عشر راشد نصراللہ نے کہا کہ حکومت پنجاب مستحق افراد کے لیے زکوۃ فنڈز کی شفاف اور موثر تقسیم کو یقینی بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں گزارہ الاؤنس کی رقم 1500 سے بڑھا کر 2000 روپے کر دی گئی جسے مذید بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔ شادی گرانٹ کو 25 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے کر دیا گیا۔زکوۃ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ مستحقین کو ان کے حق کی فوری اور بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ حقدار کو زکوٰۃ ملے اور کسی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مستحقین کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، زکوۃ فنڈز کی تقسیم میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔محکمہ میں بہتری کے لیے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے زکوٰۃ و عشر راشد نصراللہ نے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد اور پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوٰۃ و عشر پنجاب ملک افتخار احمد سے ملاقات کی۔ معاون خصوصی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زکوۃ اصلاحات کے تحت مختلف سطح پر نئی کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں، جو گزارہ الاؤنس، تعلیمی وظائف، شادی گرانٹ، روزگار اسکیم اور ہیلتھ کیئر جیسے معاملات پر واضح قواعد و ضوابط تیار کریں گی۔