تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جائے، اسسٹنٹ کمشنر

اتوار 13 اپریل 2025 17:30

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب نے گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، اور فارمیسی سمیت اہم طبی شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے براہ راست ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات لیں۔

اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے مفت ادویات کی دستیابی ، صفائی ستھرائی اور عملے کے رویے کے بارے میں تفصیلی استفسار کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائےاور مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جائےاور کسی بھی غفلت یا کوتاہی پر متعلقہ عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔رانا اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھےجنہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔\378

متعلقہ عنوان :