Live Updates

خیبرپختونخواہ حکومت کا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر عمران خان سے مشاورت کا فیصلہ

علی امین گنڈا پور ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے جہاں دیگر اہم سیاسی امور بھی زیر بحث آئیں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اپریل 2025 18:38

خیبرپختونخواہ حکومت کا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر عمران خان سے مشاورت ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کی منظوری کے معاملے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کل عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے جہاں ہونے والی ملاقات میں دیگر اہم سیاسی امور بھی زیر بحث آئیں گے، ملاقات میں پارٹی کے اندرونی معاملات پر بھی بات چیت ہوگی اس کے علاوہ ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ بانی پی ٹی آئی سے مائنز اینڈ منرلز بل پرحتمی رائے لیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان نے بتایا کہ مائنز اینڈ منرلز سے ایک سال میں 5 اعشاریہ 70 ارب روپے رائلٹی حاصل کی، ضم اضلاع میں معائنہ دفاتر کا قیام عمل میں آیا ہے، 7 نئے دفاتر کھولے گئے، معدنیات سیکٹر میں 447 لائسنس جاری کیے گئے جب کہ 482 منسوخ کیے گئے ہیں، مزدوروں کے بچوں کیلیے 10 کروڑ روپے کے وظائف دیئے گئے ہیں، 2 ہزار 690 مزدوروں کو سیفٹی ٹریننگ فراہم کی گئی، معدنیات کے شعبے کے مزدوروں کو علاج کی سہولیات دی گئیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات