منہاج القرآن کارکنان محبت،خدمت واخلاص کا پیغام عوام تک پہنچائیں، رانا محمد ادریس

اتوار 13 اپریل 2025 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں اتوار کے روز منعقد ہوا جس میں نائب ناظم اعلی علامہ رانا محمد ادریس نے خصوصی شرکت جبکہ صدارت صدر منہاج القرآن پروفیسر ذوالفقار علی نے کی۔ اجلاس میں ناظم لاہور امجد حسین چوہدری سمیت ضلعی ذمہ داران ، پی پی صدور،ناظمین اور کارکنان نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ اتباع قرآن مجید اور سیرت نبوی ۖ کو اپنی زندگی کا جزو لازم بنا لینا ہر مسلمان کیلئے ایک مقدس مشن ہے ،اس عمل کے ذریعے نہ صرف انسان روحانی ترقی حاصل کرتا ہے بلکہ ایک مثبت معاشرتی کردار ادا کر کے دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے میں بھی اپنا حصہ ڈالتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے کارکنان محبت، خدمت اور اخلاص کے پیغام کو عوام تک پہنچائیں، حلقاتِ درود صرف روحانی محفلیں نہیں بلکہ قلبی تطہیر اور فکری ارتقا کا ذریعہ بھی ہیں، ہمیں لاہور کی ہر یونین کونسل میں عرفان القرآن کے دروس کے ذریعے فہم دین کوعام کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوامی رابطہ مہم کو منظم حکمت عملی سے آگے بڑھائیں تاکہ مشن کا پیغام ہر فرد تک پہنچے۔صدر لاہور پروفیسر ذوالفقار علی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا فکری و تنظیمی سفر عوامی سطح پر اب ایک نئی جہت میں داخل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ہر کارکن ایک چراغ ہے جس نے اپنے حلقہ اثر میں روشنی پھیلانی ہے، ذمہ داران اور کارکنان اپنے کام کو پوری ذمہ داری کے ساتھ فرض سمجھ کر ادا کریں، یہی شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام ہے۔

ناظم لاہور امجد حسین چوہدری نے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور اجلاس کی کامیابی کو آئندہ کی بہتر حکمت عملی کی بنیاد قرار دیا۔اجلاس میں حلقات درود، دروس عرفان القرآن اور لاہور میں جاری عوامی رابطہ مہم سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے بھی کئے گئے۔