Live Updates

رکن قومی اسمبلی شاہ گورگیج کا ٹیچنگ ہسپتال تربت کا دورہ، مریضوں کی عیادت اور مختلف وارڈز و شعبہ جات کا جائزہ لیا

اتوار 13 اپریل 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج نے ٹیچنگ ہسپتال تربت کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے مریضوں کی عیادت اور مختلف وارڈز و شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین میر ہوتمان بلوچ، اے ڈی سی کیچ تابش علی و دیگر ان کے ہمراہ تھے ۔ اسپتال انتظامیہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ 1700 سے زائد مریضوں کا علاج ہوتا ہے، تاہم فنڈز اور ادویات کی کمی، فیکلٹی کی تنخواہوں کی بندش اور دیگر مسائل درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی نے ان مسائل کے حل کے لیے وفاق و صوبائی حکومت سے بھرپور رابطے، کیتھ لیب کے قیام، ادویات بجٹ میں اضافے اور فیکلٹی کی تنخواہوں کے مستقل حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وفد کو کوئٹہ بھیجنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اعلیٰ حکام سے براہِ راست ملاقات ہو سکے۔انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈ سے 4 نئی ڈائیلسز مشینیں اور مردہ خانہ کے لیے سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا جبکہ سٹی پروجیکٹ کے تحت ٹراما سینٹر اور او ٹی کمپلیکس کی سست تعمیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کام کی فوری تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ ان کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات