راولپنڈی صدر: بینک روڈ، حیدر روڈ، آدم جی روڈ سمیت اہم تجارتی شاہراہیں تجاوزات مافیا کیلئے نوگو ایریاز قرار

اتوار 13 اپریل 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ انسداد تجاوزات نے صدر کے اہم تجارتی مراکز، جن میں بینک روڈ، حیدر روڈ، آدم جی روڈ، کشمیر روڈ اور کیننگ روڈ شامل ہیں، کو تجاوزات مافیا کے لیے نو گو ایریاز قرار دے دیا ہے۔ کینٹ ایگزیکٹو آفیسر سید عرفان رضوی کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے انچارج راجہ ندیم کی سربراہی میں بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انسداد تجاوزات ٹیم نے بینک روڈ چوک میں فیلڈ آفس قائم کر لیا ہے جہاں سے راجہ ندیم رات 2 بجے تک جاری رہنے والے آپریشنز کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ گزشتہ شب ہونے والی کارروائی کے دوران صدر کے مختلف بازاروں سے تجاوزات کا تین ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا۔ انسداد تجاوزات ٹیم کی جانب سے مسلسل جاری کارروائیوں پر شہری، تاجر برادری اور غیر ملکی سیاحوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے صدر میں آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بازاروں کی کشادگی سے خریداری کے ماحول میں خوشگوار تبدیلی محسوس ہو رہی ہے۔ راجہ ندیم کا کہنا تھا کہ صدر کے تمام بازار اب تجاوزات کے لیے نو گو ایریاز بن چکے ہیں۔ کسی بھی قسم کی تجاوزات کی اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف بازاروں کو صاف رکھنا ہے بلکہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دینا ہے۔

کینٹ بورڈ کی جانب سے صدر کے تمام تاجروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ دکانوں کے سامنے کسی بھی قسم کی تجاوزات نہ کریں اور انسداد تجاوزات ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کینٹ بورڈ کی یہ کوشش شہر کو خوبصورت، صاف اور منظم بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے جسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا از حد ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :