جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر پروفیسر خورشید احمد انتقال کرگئے

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اپریل 2025 21:49

جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر پروفیسر خورشید احمد انتقال کرگئے
لندن/ لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2025ء ) جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر پروفیسر خورشید احمد انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کے قریبی ساتھی اور جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر بزرگ سیاستدان و سینیٹر پروفیسر خورشید احمد 93 سال کی عمر میں برطانیہ کے شہر لیسٹر میں انتقال کرگئے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان، سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا اور کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی ملی قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پروفیسر خورشید احمد جماعت اسلامی کے بزرگ اعلیٰ اوصاف کے حامل سیاسی رہنما عالمی معاشی دانشور اور کئی کتابوں کے مصنف اور کئی عالمی اداروں کے سربراہ تھے، مرحوم جماعت اسلامی کے بانی سید ابو الاعلیٰ مودودی کے دیرینہ ساتھیوں میں شامل تھے، پروفیسر خورشید کو اسلام کیلئے خدمات پر 1990ء میں کنگ فیصل ایوارڈ سے نوازا گیا، اس کے علاو انہیں حکومت پاکستان نے 2011ء میں نشان امتیاز سے بھی نوازا۔