کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا اجلاس

پیر 14 اپریل 2025 17:46

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم، ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین کے علاؤہ تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ندیم احمد ابڑو نے کہا کہ شہید بینظیرآباد ڈویژن میں 21 اپریل سے شروع ہونے والی قومی انسدادِ پولیو مہم کو ہر صورت میں کامیاب بنایا جائے تاکہ مقرر کردہ اہداف کے تحت تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

(جاری ہے)

کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران مقرر کردہ اہداف کے حصول اور پولیو ٹیموں کی نگرانی کے کام کو یقینی بنائیں۔

کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ قومی انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پولیو ٹیموں کی تربیت اور مائیکرو پلان پر خصوصی توجہ دیں۔ اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جہانگیر کورائی اور تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے بتایا کہ ملک بھر کی طرح شہید بینظیرآباد ڈویژن میں بھی 21 اپریل سے 27 اپریل تک قومی انسدادِ پولیو مہم منعقد ہوگی ،مہم کے دوران ڈویژن کے پانچ سال تک کی عمر کے 10 لاکھ 99 ہزار 696 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اس مقصد کے لیے کل 3 ہزار 752 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 3403 موبائل، 110 ٹرانزٹ اور 239 فکس ٹیمیں شامل ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قومی انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ٹیموں کی تربیت، مائیکرو پلان کی تیاری سمیت دیگر تمام انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔