ملتان میں ایک شخص نے اپنی محبت کو بچانے کیلئے جگر کا عطیہ دے دیا

والدین نے اس فیصلے کے خلاف مشورہ دیا لیکن اس نے ان کی بات نہ مانتے ہوئے اپنا موبائل فون بند کر دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 اپریل 2025 17:01

ملتان میں ایک شخص نے اپنی محبت کو بچانے کیلئے جگر کا عطیہ دے دیا
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل 2025ء ) صوبہ پنجبا کے شہر ملتان کے ایک شخص نے اپنی محبت بچانے کے لیے جگر کا عطیہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان کے رہائشی شبیر احمد نامی شخص نے اپنی بیوی کی جان بچانے کے لیے اپنا 60 فیصد جگر عطیہ کر دیا، اس شخص نے بتایا کہ اس کے والدین نے اسے اس فیصلے کے خلاف مشورہ دیا لیکن اس نے اپنا موبائل فون اس وقت بند کر دیا جب وہ اپنی بیوی شنزہ کو بچانے کے لیے ہسپتال جا رہا تھا، تاہم کامیاب آپریشن کے بعد جب اس نے اپنے والدین سے رابطہ کیا تو وہ یہ کہتے ہوئے بہت خوش ہوئے کہ انہیں اس کے عمل پر فخر ہے، اب دونوں میاں بیوی ایک خوشگوار محبت بھری زندگی گزار رہے ہیں۔

دوسری طرف شجاع آباد کے علاقہ راجہ رام میں 20 سالہ بی ایس سی کی طالبہ نے باپ کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کردی، راجہ رام کا رہائشی 50 سالہ خلیل عرصہ دراز سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھا، ڈاکٹرز نے خلیل احمد کی زندگی بچانے کے لیے جگر کی پیوندکاری کی تجویز دی، جس پر خلیل احمد کی 20 سالہ لخت جگر مقدس نے باپ کو بچانے کے لیے جگر کا ٹکڑا عطیہ کیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ باپ کی لخت جگر بیٹی مقدس نے اپنا 60 فیصد جگر اپنے والد کو دے کر اس کی جان بچا لی، جس کے بعد سے دونوں باپ بیٹی سندھ کے ہسپتال گمبٹ میں زیر علاج تھے جہاں بی ایس کی طالبہ مقدس خلیل باپ کو جگر کا ٹکڑا دے کر اپنی زندگی کی بازی ہار گئی، مقدس خلیل کی آبائی گاؤں راجہ رام میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے جنازے میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔