ملک میں سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد ایک ہزار500 روپے کی کمی ہوگئی

سونے کی قیمت کم ہوکر 3 لاکھ 55 ہزار 500 روپے کی سطح پر آگئی ہے، 10گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار 286 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 جولائی 2025 20:14

ملک میں سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد ایک ہزار500 روپے کی کمی ہوگئی
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 جولائی 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، لیکن آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت کم ہو گئی ہے۔

آج سونے کی قیمت میں ایک ہزار 500 روپے کمی ہوگئی ہے، فی تولہ سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 55 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 286  روپے کی کمی ہوئی ہے۔ دس گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 4 ہزار 783 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 15 ڈالر کم ہوکر 3335  ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ہے ۔

 
دوسری جانب پاکستان اور قزاقستان کے درمیان دو طرفہ تجارت دونوں ملکوں کے پوٹینشل سے بہت کم ہے جسے ایک بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاہم اسے حاصل کرنے کیلئے دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات پاکستان میں قزاقستان کے سفیر یرژان کستافین نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی لین دین کیلئے پاکستان کے چار مختلف بینکوں نے انتظامات کئے ہیں جبکہ ٹی سی ایس اور این ایل سی کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر سامان کی ترسیل بھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قزاخستان وسط ایشیا کا واحد ملک ہے جس نے ای کامرس کے شعبہ میں تعاون کیلئے پاکستان سے معاہد ہ کر رکھا ہے ہمیں اس سے بھی فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔