ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ کی زیر صدارت اجلاس، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کرنے کی ہدایت

منگل 15 اپریل 2025 10:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع ﷲ گنڈا پور کی زیر صدارت ضلع کے تمام افسران کے ساتھ ماہانہ کرائم میٹنگ ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ ایسی پوسٹ، کامینٹس اور مواد پھیلانے والوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کر کے کارروائی کی جائے۔

ڈی پی او آفس مانسہرہ میں منعقدہ اجلاس میں ایس ایس پی اوگی نذیر خان، ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، ایس پی انوسٹی گیشن شیراز خان، ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان سمیت تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان، کرائم کی مجموعی صورتحال، اہم مقدمات کی پیش رفت، زیر تفتیش کیسز اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او مانسہرہ نے تمام افسران کو احکامات جاری کئے کہ وہ پرو ایکٹیو پولیسنگ کو اپنا شعار بنائیں، کسی کو بھی ضلع مانسہرہ کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوامی شکایات کے بروقت ازالہ اور عوام کو سننے کیلئے تمام ایس پیز کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنائیں، تھانوں میں ٹائوٹ ازم کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور تھانہ کلچر کو بہتر بنا کر عوامی اعتماد کو بحال کیا جائے۔

ڈی پی او مانسہرہ نے ایس پی انوسٹی گیشن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام تفتیشی افسران قانونی تقاضے ہر صورت پورے کریں تاکہ انصاف کی فراہمی میں کوئی کمی نہ رہے، منشیات فروشوں، قبضہ مافیا، اشتہاری مجرمان اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ ان جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور ہر تھانے کی حدود میں مربوط کریک ڈائون جاری رکھا جائے۔

آمدہ ٹورسٹ سیزن کے حوالہ سے میٹنگ میں ضلع بھر میں سیاحت کے فروغ کےلئے جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے ٹورسٹ فیسیلیٹیشن کیلئے جاری اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ آنے والے سیاحوں کو بہتر سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک سٹاف کو ٹریفک مینجمنٹ کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے ادا کرنا ہوں گی، ٹورسٹ اور شہریوں پر ناجائز چالان اور جرمانے نہ کئے جائیں۔