اپنی سنچری پر ٹیم کا رن ریٹ بہتر کرنے کی کوشش کو ترجیح دی : محمد حارث

بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ، کم بیک ضرور کریں گے، مچل اون بگ بیش میں اچھے کھیلے : وکٹ کیپر کی گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 اپریل 2025 12:42

اپنی سنچری پر ٹیم کا رن ریٹ بہتر کرنے کی کوشش کو ترجیح دی : محمد حارث
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اپریل 2025ء) پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کے بعد کہا کہ اگر ان کی توجہ رن ریٹ پر نہ ہوتی تو وہ سنچری کر لیتے۔
پشاور زلمی کے محمد حارث نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ’’میں سنچری کر سکتا تھا لیکن رن ریٹ کی طرف زیادہ توجہ تھی، بالنگ اور بیٹنگ پاور پلے میں پشاور زلمی کو محنت کرنا ہوگی۔

محمد حارث نے کپتان بابر اعظم کے بارے میں کہا کہ وہ ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، کم بیک ضرور کریں گے، مچل اون بگ بیش میں اچھے کھیلے ہیں، بیٹنگ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کو بالنگ بہتر کرنا پڑے گی اور دیگر ٹیموں کی بالنگ سے سیکھنا پڑے گا، پشاور زلمی کے پاس تجربہ کار بالرز ہیں، کم بیک کریں گے، اب موسم سرما نہیں، پچز ماضی کے پی ایس ایل ایڈیشنز سے تبدیل ہوں گی۔

(جاری ہے)

 
محمد حارث نے کہا 80 اور 100 رنز سے دونوں میچز ہار گئے، ہمیں بیٹنگ میں بھی کام کرنا ہوگا۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا پہلے منتخب ہونے والے اسکواڈ کو ہی موقع ملنا چاہیے، احسان اللہ ابھی مکمل فٹ نہیں، کچھ وقت مکمل ریکوری میں لگے گا، فخر زمان، صائم ایوب کی واپسی پر مجھے بتایا گیا کہ تیسرے چوتھے نمبر پر بیٹنگ ملے گی، محمد علی نے گزشتہ سال اچھی بالنگ کی، علی رضا ایمرجنگ بالر ہیں۔