نیشنل کانفرنس نے اقتدار کیلئے ہندوتوا بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ کر رکھا ہے ، التجا مفتی

منگل 15 اپریل 2025 16:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی نے نیشنل کانفرنس پرکڑی تنقید کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں این سی پرہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ سمجھوتے کا الزام لگایاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق التجا مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے سیاسی سہولت اور اقتدار کے حصول کے لیے کشمیری عوام کے مفادات پر بارہا سمجھوتہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے پاس عوامی حقوق یاجموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے بارے میں بات کرنے کی کوئی اخلاقی بنیاد نہیں ہے۔ وہ طاقت کے بھوکے لوگ ہیں۔التجا مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی کی جدوجہد صرف جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی سے کہیں زیادہ ہے۔ہم جموں وکشمیر کیلئے اپنا آئین اور جھنڈے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرکیلئے صرف ریاستی شناخت کا مطالبہ کرنا کشمیری عوام کی توہین ہے۔التجا مفتی نے این سی لیڈر فاروق عبداللہ کے حالیہ بیان پر بھی کڑی تنقید کی جس میں انہوں نے کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کی طرف سے متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ پر ایوان میں بحث کی اجاز ت نہ دینے کی حمایت کی تھی ۔